صدر، مرکز النور للبحث والنشر، نیپال | حامل النور ایوارڈ 2026ء
ایک بہترین قاری، باکمال خطیب، کامیاب معلم اور درد مند داعی
ذاتی کوائف:نام: محمد عیسیٰ ندوی
سنہ پیدائش: 1960ء
جائے پیدائش: بکرمپور، گھسکی، ضلع سنسری، نیپال
حالیہ سکونت: اماہی بلہا، برجو گاؤں پالیکا - 5، ضلع سنسری، نیپال
تعلیمی مدارج:
آپ کی علمی زندگی سادگی اور استقامت کا حسین امتزاج ہے۔
ابتدائی تعلیم: اپنے آبائی گاؤں کے مکتب میں قرآن و اردو کی بنیادی تعلیم حاصل کی۔
ثانویہ: دارالعلوم نور الاسلام، جلپاپور، نیپال - جہاں آپ نے عربی و دینیات کے مبادیات میں مہارت حاصل کی۔
عالمیت و فضیلت: ہندوستان کی عظیم دینی دانشگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ کا رخ کیا۔ وہاں اکابر اساتذہ سے فیض حاصل کیا۔سندِ عالمیت: 1982ءسندِ فضیلت (تخصص): 1984ء
تحقیقی مقالہ: دورۂ فضیلت میں آپ نے "الحياة الاجتماعية في ضوء سورة الحجرات" کے عنوان پر ایک معیاری، وقیع تحقیقی مقالہ تحریر کیا جسے اساتذہ نے بے حد سراہا۔
اساتذہ: آپ کو مولانا عبداللہ عباس ندوی، حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی رحمہ اللہ اور مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی رحمہ اللہ جیسے جبالِ علم کی صحبت سے شرفِ تلمذ حاصل ہے۔
تدریسی و علمی خدمات (40 سالہ سفر):دارالعلوم نور الاسلام جلپاپور (1984ء تا 2004ء): فراغت کے فوراً بعد اپنے مادرِ علمی میں بحیثیت مدرس بحال ہوئے۔ تقریباً 20 سال تک آپ نے اردو زبان، عربی زبان و ادب، نحو، صرف اور تجوید جیسی اہم کتب کا درس دیا۔ آپ محض مدرس ہی نہیں بلکہ ادارے کے انتظامی و رابطہ عامہ کے شعبوں میں بھی معین و مددگار رہے۔
دارالعلوم ہدایت الاسلام انروا بازار (2006ء): یہاں آپ عربی زبان و ادب کے استاذ کی حیثیت سے بحال ہوئے اور تشنگانِ ادب کی پیاس بجھائی۔
جامعہ حفصہ للبنات، ببیا (2010ء تا حال): یہاں آپ کو شیخ الحدیث کے جلیل القدر عہدہ پر فائز کیا گیا۔ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے آپ حدیث، تفسیر اور عربی ادب کی مسند پر فائز ہیں اور طالبات کی علمی تربیت فرما رہے ہیں۔ آپ کے فجر کے بعد دروسِ قرآن اور جمعہ کے خطبات سامعین کے لیے روحانی و علمی غذا کا درجہ رکھتے ہیں۔ آپ قرآن کی آیات کی ایسی جامع، آسان اور مؤثر تشریح فرماتے ہیں کہ ہر سامع اپنے آپ کو براہِ راست مخاطب محسوس کرتا ہے۔
سماجی و ملی خدمات:1992ء: آپ نے نیپال کے نوجوانوں میں دینی بیداری کے لیے "جمعیت شباب الاسلام، نیپال" کی بنیاد رکھی اور اس کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔
2022ء: اہلِ علم و قلم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے "مرکز النور للبحث والنشر، نیپال" کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور اس کے پہلے صدر منتخب ہوئے، اور تاحال اس عہدہ پر فائز ہیں۔
شخصیت کا امتیاز:
مولانا محمد عیسیٰ ندوی نہ صرف علمی و دینی حلقوں میں بلکہ سماجی و سیاسی میدان میں بھی ایک باوقار اور قابلِ احترام شخصیت ہیں۔ مختلف دینی اجتماعات، کانفرنسوں اور عوامی پروگراموں میں آپ کے خطابات بے حد مقبول ہوتے ہیں۔ اہلِ علم و دانش آپ کی گفتگو کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
تصنیفی و صحافتی خدمات:
آپ کو اردو، عربی اور نیپالی تینوں زبانوں پر یکساں دسترس حاصل ہے۔ماہنامہ "ترجمان ملت، نیپال" کے دوسرے دور میں طباعت و نشر کی تمام ذمہ داریاں آپ کے کاندھوں پر رہیں اور آپ کے تحقیقی مضامین اس میں تواتر سے شائع ہوتے رہے۔
اعزاز: مرکز النور کی جانب سے النور ایوارڈ 2026ء آپ کی ہمہ جہت خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔